خواتین کو جلانے کے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون سازی کریں گے

By admin at 20 May, 2008, 4:47 pm

اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین کو جان بوجھ کر جلانے کے واقعات کی روک تھام کے لئے اسمبلی میں آواز اٹھائی جائے گی اور کوشش کی جائے گی کہ اس سے متعلق قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سول اسپتال برنز سینٹر ملک کا بہترین برنز وارڈ ہے تاہم اس میں مزید بہتری کے لئے اقدامات ہونا چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں اور خاص طور پر دیہی علاقوں میں برنز سینٹرز یا وارڈز کھولے جائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز سول اسپتال برنز سینٹر کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت شفیق کھوسو اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر کلیم بٹ بھی موجود تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے دورے کا مقصد جان بوجھ کر جلائی جانے والی خواتین کے علاج کی سہولتوں کا جائزہ لینا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملک کا المیہ ہے کہ آج بھی ہماری خواتین کو چولہا پھٹنے، لالٹین سے آگ لگنے کے نام پر جان بوجھ کر جلایا جاتا ہے جبکہ تیزاب پھینک کر چہرہ مسخ کرنے کے واقعات ظلم کی بدترین شکل ہے۔ ڈاکٹر کلیم بٹ نے اس موقع پر برنز سینٹر کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سینٹر پر کام کا انتہائی دباؤ ہے کیونکہ یہاں نہ صرف کراچی بلکہ اندرون سندھ اور بلوچستان سے بھی جھلسے ہوئے مریضوں کو علاج کے لئے لایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام ٹیچنگ اور پرائیویٹ اسپتالوں میں برنز وارڈز قائم کئے جائیں تاکہ سول اسپتال سے بوجھ کم ہوسکے۔ سینٹر کے سربراہ پروفیسر شارق علی نے قومی اسمبلی کی اسپیکر سے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تیزاب کی فروخت اور ٹرانسفارمر کی تنصیب کے حوالے سے قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تیزاب کی فروخت کھلے عام نہیں ہونا چاہئے۔ تیزاب صرف ان دکان داروں کے پاس برائے فروخت ہونا چاہئے جن کے پاس حکومت کی جانب سے فروخت کا اجازت نامہ ہو۔ اسی طرح خریدار کے لئے ضروری قرار دیا جائے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی دکاندار کے پاس جمع کرائے اور اسے آگاہ کرے کہ وہ تیزاب کس مقصد کے لئے خرید رہا ہے۔ اسی طرح ضروری ہے کہ ٹرانسفارمر آبادی اور رہائشی عمارت سے دور نصب کیا جائے۔ عمارتوں کی تعمیر کے وقت آگ کی اطلاع دینے والے الارم لازمی نصب کئے جائیں اور آگ لگنے کی صورت میں عمارت سے باہر نکلنے کا راستہ رکھا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سینٹر میں برنز سے متعلق تربیت یافتہ اسٹاف، ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اور نرسز کی کمی ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ وہ سینٹر کے مسائل کو حل کرانے کے سلسلے میں کوشش کریں گی۔ دورے کے موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا مریضوں کے پاس گئیں اور ان سے تفصیلی گفتگو کی۔

Categories : خواتین کی خبریں


No comments yet.

Sorry, the comment form is closed at this time.