امریکہ، حضرت عائشہ پر ناول شائع

By admin at 2 November, 2008, 4:46 pm

حضرت عائشہ کے بارے میں شیری جونز کا ناول ’دی جیول آف مدینہ‘ امریکہ میں اپنے طے شدہ شیڈول سے پہلے شائع کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام کتاب کے برطانوی ناشر کے گھر پر حملے کے بعد کیا گیا ہے۔

اشاعتی ادارے رینڈم ہاؤس کی طرف سے اس ناول کو شائع کرنے سے انکار کے بعد اب اسے امریکہ میں بوفورٹ بکس کی طرف سے شائع کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ ماہ برطانیہ میں ناول کے ناشر ادارے گبسن سکوائر بکس کے دفاتر کو آگ لگانے کے واقعے کے سلسلے میں تین افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

ناول میں حضرت عائشہ کی زندگی کا چھ سال سے لیکر پیغمبر اسلام کی وفات تک کا احاطہ کیا گیا ہے۔

امریکہ میں ناول کے ناشر ادارے بوفورٹ بکس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ناول کو اس لیے طے شدہ شیڈول سے پہلے شائع کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے محاسن کا جائزہ ادبی معیارات پر لیا جا سکے نہ کہ اس کی متنازع حیثیت کی وجہ سے۔

ناشر ادارے رینڈم ہاؤس نہ یہ کہہ کر ناول کو چھاپنے سے انکار کر دیا تھا کہ اس کی وجہ سے کئی مسلمانوں کے جذبات مجروع ہو سکتے ہیں۔

شیری جونز کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم نہیں ہے کہ آیا گبسن سکوائر برطانیہ میں ناول کو شائع کرے گا یا نہیں۔

اس کتاب کے مسودے کا جائزہ لینے والی امریکی پروفیسر سپلبرگ نے بھی اس کتاب کو’ کریہہ‘، ’احمقانہ‘ اور’ کم درجے کی فحاشی‘ قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ ناول کی مصنفہ شیری جونز نے کبھی مشرقِ وسطٰی کا دورہ نہیں کیا ہے تاہم وہ چند برس عرب تاریخ کی طالبعلم رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ ناول ان سب چیزوں کا نچوڑ ہے جو انہوں نے سیکھی ہیں۔

http://www.bbc.co.uk/urdu/entertainment/story/2008/10/081007_ayesha_bookout_si.shtml

Categories : خواتین کی خبریں


No comments yet.

Sorry, the comment form is closed at this time.